واشنگٹن ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے درمیان ٹیلیفون پر عالمی مسائل پربات چیت کی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کو وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ٹیلیفون پر مشرق وسطی کی سیکیورٹی کی صورت حال اور لیبیا میں جاری محاذ آرائی سمیت دیگر دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔لیبیا کے آرمی چیف ، خلیفہ حفتر اور الوفاق حکومت کے سربراہ فائز السراج جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے پیر کو ماسکو پہنچ گئے تھے۔ روس کی میزبانی میں ہونے والی جنگ بندی کی کوششوں میں اہم پیش رفت کی اطلاعات ہیں۔طرابلس میں لیبیا کی قومی فوج اور الوفاق حکومت کے مابین لڑائیوں کے نتیجے میں ہلاکتوں اور لوگوں کی بڑی تعداد کی نقل مکانی کے بعد یورپی یونین سمیت بین الاقوامی طاقتوں نے لیبیا کے بحران کے سیاسی حل کی طرف زور دینا شروع کیا ہے۔