نئی دہلی ۔ /23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور امریکی خاتون اول ملانیا ٹرمپ تاج محل کا دورہ کریں گے اور وہاںپر ایک تا دو گھنٹے گزاریں گے ۔ رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ پیر کے دن شام 4.45 بجے احمد آباد سے آگرہ پہونچیں گے جہاں چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ اور گورنر آنندی بین پٹیل ان کا خیرمقدم کریں گے ۔ ٹرمپ کا طیارہ ایرپورٹ پہونچتے ہی وہاں سے ٹرمپ کا قافلہ ہوٹل امر ولاس پہونچے گا ۔ اور 5.15 بجے گولف کارٹ میں بیٹھ کر تاج محل کی سیر کریں گے ۔ وہ مشرقی باب الداخلہ سے محبت کی اس یادگار میں داخل ہوں گے اور شاہی باب الداخلہ کے سامنے سیدھی جانب واقع فور کورٹ میں اتریں گے ۔
تاج محل کی آہک پاشی ، صاف صفائی ٹرمپ کے دورہ کیلئے انتظامات
آگرہ ۔ /23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ ہند سے بہت پہلے ہی آگرہ میں مغل شہنشاہ شاہجہاں اور ان کی اہلیہ ممتاز محل کی محبت کا شاہکار تاج محل کو صاف ستھرا بنانے کا آغاز کیا تھا ۔ ڈونالڈ ٹرمپ منگل کی صبح مغلوں کی تار یخی عمارت کو دیکھنے کیلئے پہونچیں گے ۔ ان کے ہمراہ اہلیہ ملانیا ٹرمپ ، دختر ایوینکا ٹرمپ اور داماد بھی ہوں گے ۔ 17 ویں صدی کی اس محبت کی یادگار کو دیکھنے کیلئے آنے والے صدر ٹرمپ کا خیرمقدم کیا جائے گا ۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیدار نے کہا کہ عالمی عجوبا والی اس یادگار عمارت کی شان و خوبصورتی کو دیکھ کر ہر کوئی محو حیرت ہوتا ہے ۔