ٹرمپ ایکبار پھر بال بال بچ گئے، طیارہ کی ہنگامی لینڈنگ

   

نیویارک : سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا طیارہ حادثہ سے بال بال بچ گیا، طیارہ نے ریاست مونٹانا میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ ڈیلی میل کے مطابق جمعہ کو امریکی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے طیارہ نے میکینیکل خرابی کی وجہ سے غیر متوقع لینڈنگ کی، سیکرٹ سروس کا کہنا تھا کہ طیارہ میں میکنیکل فالٹ کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، سیکوریٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بلنگز لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انتظامی معاون جینی موکل نے بتایا کہ ٹرمپ کا طیارہ مونٹانا کے شہر بوزمین جا رہا تھا، تاہم مشرق میں 142 میل دور اسے بلنگز کی طرف موڑنا پڑا، انھوں نے کہا کہ سابق صدر پرائیویٹ جیٹ کے ذریعہ بوزمین جا رہے تھے۔ ہنگامی لینڈنگ کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ دوسرے طیارہ سے بوزمین میں ریلی کے مقام پر پہنچے، امریکی میڈیا کے مطابق طیارہ نے ہائیڈرولک لیک کے باعث ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔ یہ اس ہفتہ ٹرمپ کی پہلی ریلی تھی، ان کا ساتھی سینیٹر جے ڈی وانس، اور ان کے مخالفین نائب صدر کملا ہیرس اور ٹِم والز صدارتی الیکشن کے لیے اہم ترین ریاستوں میں اپنا اپنا زور آزما رہے ہیں، خیال رہے کہ ابھی ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل ٹرمپ کو پنسلوینیا میں ان کی ریلی کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے 2018 میں مونٹانا کے بگ اسکائی کنٹری میں بہت کوشش کی تھی کہ ڈیموکریٹک سین جون ٹیسٹر سے ان کی سیٹ چھین لیں، لیکن وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے، اس بار وہ اسی عزم کے ساتھ پھر مونٹانا میں انتخابی مہم چلانے پہنچے تھے۔