ٹرمپ عسکری الوداعی تقریب کے بغیر رخصت ہوں گے

   

واشنگٹن : امریکی وزارت دفاع پینٹاگان اپنی مدت مکمل کرنے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے مسلح افواج کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد نہیں کرے گا۔ٹرمپ 20 جنوری کو اپنے منصب سے رخصت ہو جائیں گے۔ چند روز قبل امریکی کانگریس ٹرمپ کے مواخذے کے حوالے سے دوسری بار رائے شماری انجام دے چکی ہے۔ اس مواخذے کا سبب ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے چند روز پہلے واشنگٹن میں کیپٹول کی عمارت کا محاصرہ اور وہاں پر ہنگامہ آرائی کرنا ہے۔امریکہ کے دو سینئر ذمے داران نے جمعرات کے روز اک ویب سائٹ کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کسی قسم کی عسکری الوداعی تقریب نہیں ہو گی۔صدر رونالڈ ریگن وہ پہلے صدر تھے جنہوں نے 1989ء میں مسلح افواج کی جانب سے منعقد کی گئی الوداعی تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس کے بعد سے امریکہ کے تمام صدور وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے سے قبل اس اعزازی تقریب میں شریک ہوتے رہے ہیں۔