ٹرمپ فوج کو ذاتی غنڈوں کے اسکواڈ میں بدلنے کا ارادہ رکھتے تھے، امریکی صحافی کا دعویٰ

   

واشنگٹن : امریکی صحافی نے اپنے مضمون میں انکشاف کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ فوج کو ذاتی غنڈوں کے اسکواڈ میں بدلنے کا ارادہ رکھتے تھے۔امریکی اخبارمیں صحافی میکس بوٹ کا ایک کالم شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں کیے گئے چند فیصلوں کو بنیاد بناکر یہ کہا ہے کہ اگر انہیں دوسری بار صدارت مل جاتی تو شاید وہ فوج کو اپنے ذاتی اسکواڈ میں تبدیل کردیتے۔مضمون میں ABC نیوز کے ایک رپورٹر جوناتھن کارل کے حاصل کردہ میمورنڈم کا حوالہ دیا گیا ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈائریکٹر برائے صدارتی افسران جانی میک اینٹی کی جانب سے ٹرمپ کو بھیجا گیا تھا۔ اس میمو میں میک اینٹی نے ٹرمپ کو 14 وجوہات بتائیں جن کی بنیاد پر انہیں وزیر دفاع مارک ایسپر کو برطرف کردینا چاہیے۔یہ میمو 19 اکتوبر 2020 کو بھیجا گیا اور اس کے تین ہفتوں بعد مارک ایسپر کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔