واشنگٹن؍ سیئول۔13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر ڈونالڈ ٹرمپ امریکی فوجیوں کی خدمات کے عوض ملنے والی رقم 1.2 ارب ڈالر کرنے کے بجائے 89 کروڑ ڈالر کرنے پر جنوبی کوریا پر برہم ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا نے صدر ٹرمپ کے 1.2 ارب ڈالر کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی سرزمین پر موجود امریکی فوجی دستوں کی خدمات کے عوض دی جانے والی سالانہ رقم میں اضافہ کرتے ہوئے 85 کروڑ ڈالر سے 89 کروڑ ڈالر کردیا تھا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کے باوجود امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سالانہ رقم میں صرف 4 کروڑ ڈالر اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور امریکی فوجیوں کی خدمات کے عوض سالانہ معاوضہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کرنے کے مطالبے کو ایک بار پھر دہرایا۔