ٹرمپ موجودہ دور کے ہٹلر، غزہ میں فلسطینیوں پر مظالم کے ذمہ دار

   

مودی حکومت نے عوام کی بھلائی نہیں کی، کھمم میں جلسہ عام ، سی پی آئی قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ کا خطاب
حیدرآباد۔ 18 جنوری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت نے گزشتہ 10 برسوں کے دوران ملک کی ترقی کے بجائے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ڈی راجہ کھمم میں سی پی آئی کی صد سالہ تاسیس تقاریب کے ضمن میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی کی تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے پُر ہے۔ آزادی کی جدوجہد کے علاوہ ملک میں عوام بالخصوص غریبوں اور مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے سی پی آئی نے ہمیشہ جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ 26 ڈسمبر 1925 کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کا قیام عمل میں آیا۔ سی پی آئی کے قیام کا مقصد ہندوستان کو مکمل آزادی حاصل کرنا تھا۔ 1885 میں کانگریس پارٹی کا قیام عمل میں آیا اور کانگریس نے اپنے قیام کے 140 سال مکمل کرلئے ہیں۔ جدوجہد آزادی میں کانگریس اور سی پی آئی نے متحدہ طور پر جدوجہد کی اور انگریزوں کے مظالم کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں آر ایس ایس کا کوئی رول نہیں ہے۔ آر ایس ایس قائدین نے برطانوی سامراج کے ساتھ مل کر کام کیا اور مجاہدین آزادی کی مخالفت کی تھی۔ فلسطین پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے ڈی راجہ نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں بے قصور فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل مل کر فلسطینیوں پر مظالم کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ موجودہ وقت میں ہٹلر کی طرح تیار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر دیگر ممالک کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان کے وقار کو ملحوظ رکھنے کے بجائے ڈونالڈ ٹرمپ کے آگے جھک گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی حقیقی ترقی کے لئے نریندر مودی کو شکست دینا ضروری ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں غریبوں اور عام افراد کی بھلائی کے بجائے مودی حکومت نے کارپوریٹ کمپنیوں کی خوشحالی اور مفادات کے تحفظ کے لئے کام کیا۔ 1