واشنگٹن،20جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں آئندہ صدارتی انتخابات کی گہما گہمی شروع ہوگئی ہے اور دونوں بڑی پارٹیوں کے ممکنہ امیدواروں نے مہم شروع کرد ہے ۔امریکی صدارت کے لئے ڈیموکریٹس کے امیدوار برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ دوبارہ صدارتی امیدوار بننے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی باتیں بھول گئے ۔برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ گن کلچر سے سالانہ 40 ہزار اموات ہورہی ہیں، اس سے کیسے نمٹیں گے ، یہ بھی نہیں بتایا کہ انکے ٹیکس منصوبہ سے صرف امیر ترین افراد کو فائدہ ہوگا؟سینڈرز نے ٹرمپ کو نسل پرست، جنسی تعصب زدہ، غیرملکیوں سے نفرت کرنے والا اور مذہبی متعصب شخص قرار دیا۔واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز دوسری بار صدارت کے لیے انتخابی مہم شروع کی تھی۔