ٹرمپ نے انتخابی ریالی میں ڈانس کیا ، ویڈیو وائرل

,

   

واشنگٹن : امریکہ کے صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہونا ہے۔ جیسے جیسے تاریخ قریب آرہی ہے اس میں دلچسپ واقعات رونما ہورہے ہیں ۔ ایک نیا واقعہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی انوکھی حرکتوں سے جڑا ہے۔ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نجات پاتے ہی انتخابی ریالیوں میں حصہ لینا شروع کر دیا اور کہا کہ وہ پہلے سے زیادہ طاقتور محسوس کر رہے ہیں۔ اس بات کو انہوں نے اورلینڈ اسٹین فورڈ میں ثابت کر دکھایا۔ ٹرمپ انتخابی ریالی میں ڈانس کرنے لگے جہاں اُنہیں دیکھ کر ان کے مداح بھی تھرکنے لگے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو بڑے پیمانے پر وائرل ہو رہی ہے۔امریکی صدر ، ریالی میں موجود ہجوم کو دیکھ کر شہ نشین پر ڈانس کرنے لگے ۔ ٹرمپ نے جیسے ہی تھرکنا شروع کیا ان کے چاہنے والے بھی تھرکنے لگے۔ وہاں موجود ہجوم بہت خوش ہوا حالانکہ اپوزیشن نے اس کا سوشل میڈیا پر کافی مذاق بھی اڑایا۔ٹرمپ کے اس ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ناقدین نے یہ ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا شروع کر دیا کہ وہ یہ دکھانے کی کوشش میں مصروف ہیں کہ وہ پوری طرح سے تندرست ہوچکے ہیں۔ ٹرمپ کے حامیوں نے ان کی ریالی میں کوئی سماجی فاصلہ نہیں رکھی اور نہ ہی ماسک پہنا۔ ٹرمپ نے اس بات کیلئے حامیوں کو بالکل بھی نہیں ٹوکا۔حالانکہ ٹرمپ خود کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی 65 منٹ کی تقریر میں کورونا سے متعلق ایک ہی بات کہی کہ وہ پہلے سے زیادہ اب خود کو طاقتور محسوس کر رہے ہیں۔