ٹرمپ نے ایرانیوں کو ہوشیار اور ذہین قرار دے دیا

   

واشنگٹن، 20 مارچ (یو این آئی) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے سخت حریف ایرانیوں کو ہوشیار اور ذہین قرار دے دیا ہے ۔ ایران کی اسرائیل اور امریکہ سے جنگ جاری ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے جا رہے ہیں۔ اس جنگی صورت حال میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ایک بیان سب کو متوجہ کر رہا ہے ۔صدر ٹرمپ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں ایران سے جنگ کو شطرنج سے تشبیہ دیتے ہوئے ایرانیوں کو ہوشیار اور ذہین قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے جنگ شطرنج کا ایک بڑا کھیل ہے اور ہم بہت ہوشیار لوگوں سے یہ شطرنج کھیل رہے ہیں۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ اس جنگ میں ہم انتہائی ذہین اور اونچے پیمانے کا آئی کیو رکھنے والے لوگوں سے نمٹ رہے ہیں۔