ٹرمپ نے روس ۔یوکرین جنگ کے خاتمہ کیلئے 28نکاتی منصوبہ پر دستخط کردیئے

   

واشنگٹن : 20 نومبر ( ایجنسیز ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے پر مبنی 28 نکاتی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے این بی سی نیوز کیلئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے یوکرین۔روس جنگ کے خاتمے پر مبنی منصوبے پر دستخط کر دیئے ہیں۔یہ منصوبہ، ایک پائیدار امن کے قیام کی خاطر، دونوں فریقین کو سلامتی کی ضمانتیں فراہم کرنے پر مبنی ہے۔اس میں وہ شقیں بھی شامل ہیں جنہیں یوکرین پائیدار امن کے لیے ضروری خیال کرتا ہے”۔اہلکار نے منصوبے کی تفصیلات بیان کرنے سے گریز کیا اور کہا ہے کہ ابھی منصوبہ، متعلقہ فریقین کے درمیان، مذاکراتی مراحل میں ہے۔تین اورامریکی اہلکاروں کی بھی این بی سی نیوز کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق امن معاہدے کا خاکہ ابھی کیف کو پیش نہیں کیا گیا۔دو امریکی اہلکاروں، ایک یورپی اہلکار اور یوکرینی حکومت کے ایک قریبی ذریعہ نے بتایا ہے کہ بدھ کو آرمی سیکریٹری ڈینیئل ڈریسکول کی زیرِ قیادت ایک امریکی فوجی وفد نے دو مقاصد کے تحت کیف کا دورہ کیا ہے۔یہ دو مقاصد فوجی حکمتِ عملی اور ٹیکنالوجی پر گفتگو کرنا اور انتظامیہ کی امن عمل کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے اس دورہ کو وائٹ ہاؤس کی ’امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے‘ کی کوشش کا حصہ قرار دیا ہے۔تاہم، کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ روس، کیف میں بات چیت کے بعد ڈریسکول سے ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں رکھتا۔ یہ بیان اشارہ کرتا ہے کہ اگست میں الاسکا کے شہر اینکرج میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پوتن کے درمیان اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد سے تاحال صورتحال میں کوئی نمایاں پیشرفت نہیں ہوئی۔یوکرینی حکومت کے ایک قریبی ذریعہ اور ایک یورپی اہلکار نے کہا ہے کہ یوکرین کو مجّوزہ امن منصوبے کی تشکیل میں کوئی کردار نہیں دیا گیا۔

ٹرمپ نے میئر ظہران ممدانی سے ملاقات طئے ہونے کی تصدیق کردی
واشنگٹن : 20 نومبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہیکہ ان کی میئر نیویارک سے ملاقات 21 نومبر کو ہوگی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں بتایا کہ نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی نے ملاقات کی درخواست کی ہے، ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یہ میٹنگ جمعہ 21 نومبر کو اوول آفس میں ہوگی۔واضح رہے کہ رواں ماہ مسلم امیدوار ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوئے ہیں، ظہران ممدانی کا مقابلہ نیویارک کے سابق گورنر اور ا?زاد امیدوار ‘اینڈریو کومو’ اور ری پبلکن حریف ‘کرٹس سلوا’ سے تھا۔میئر نیویارک ظہران ممدانی اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان تعلقات ناخوشگوار رہے ہیں، الیکشن مہم کے دوران ظہران ممدانی نے صدر ٹرمپ اور ان کی جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ ٹرمپ نے انہیں فنڈز جاری نہ کرنے کی بھی دھمکی دی تھی۔