نیویارک : 25 ستمبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پربرقی سیڑھی، ٹیلی پرامپٹر اور ساؤنڈ سسٹم کی خرابی کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یو این سیکرٹری جنرل کو خط لکھتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری خط میں دعویٰ کیا کہ یہ اتفاق نہیں بلکہ سازش ہے، جنرل اسمبلی میں ان کی آمد کو 3 طرح سے سبوتاڑ کیا گیا جس پر اقوام متحدہ کو شرم آنی چاہیے۔خط میں ٹرمپ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر آمد پر صدر ٹرمپ اوران کی اہلیہ میلانیا کو اس وقت خفت اٹھانا پڑی تھی جب وہ الیکٹر ک سیڑھی پر سوار ہوئے اور وہ اچانک بند ہوگئی جس پر صدر ٹرمپ کو سیڑھیاں چڑھنا پڑگئیں، خطاب شروع کیا تو ٹیلی پرامپٹر نہ چلا جس پر صدرٹرمپ مزید ناراض ہوئے۔صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کا خطاب صرف وہی لوگ ہال میں سن پائے جن کے پاس وہ ہیڈفونز تھے جن پر تقریر ترجمے کے ساتھ پیش کی جا رہی تھی۔