ٹرمپ نے 4بار فون کیا، مودی نے کال نہ اٹھائی: جرمن اخبار کا دعویٰ

   

برلن : 27 اگست ( یو این آئی ) جرمن اخبار کا امریکی صدر اور ہندوستانی وزیراعظم کے حوالے سے نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔جرمن اخبار فرینکفرٹر الگمائنے نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے چار مرتبہ فون پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن مودی نے ان سے گفتگو سے انکار کردیا۔اخبار کا کہنا ہے کہ یہ رویہ نئی دہلی کے ’شدید غصے اور احتیاط‘ کو ظاہر کرتا ہے اور یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ٹرمپ انتظامیہ نے ہندوستان پر 50 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کیا جو برازیل کے بعد کسی بھی ملک پر سب سے زیادہ ہے۔ان خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی تھنک ٹینک سے وابستہ صحافی مائیکل کوگلمین نے کہا کہ اگر یہ بات درست ہے کہ ٹرمپ نے مودی سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی اور وہ ٹرمپ سے بات کرنے پر تیار نہیں تھا تو اس کا مطلب ہے کہ حکومت سے حکومت کا تعلق اور دونوں رہنماو?ں کا ماضی کا مضبوط تعلق کسی بحران سے گزررہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات میں سرد مہری ہے، ہندوستان کی جانب سے امریکہ کے ساتھ تجارتی ڈیل فائنل نہ کرنے کا بعد امریکی صدر ٹرمپ نے ہندوستان پرٹیرف 50 فیصد کردیا تھا جب کہ ٹرمپ وقتاً فوقتاً پاک بھارت جنگ میں اپنے کردار کا ذکر کرتے رہتے ہیں جس سے بھارت انکاری ہے۔