واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ تین نومبر کے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کی کامیابی کو تبدیل کر کے رہیں گے۔صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سپریم کورٹ نے منگل کو ایک مختصر فیصلے میں ریاست پینسلوینیا سے جو بائیڈن کی کامیابی کے خلاف دائر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی درخواست کو مسترد کیا ہے۔تاہم صدر کا کہنا ہے کہ وہ ریاست ٹیکساس کے قدامت پسند اٹارنی جنرل کین پیکسٹن کی جانب سے چار ریاستوں جارجیا، مشی گن، وسکونسن اور پینسلوینیا میں انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف دائر نئے مقدمے کی حمایت کریں گے۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق نو منتخب صدر جو بائیڈن ریاست پینسلوینیا سے 81 ہزار ووٹ کی برتری سے کامیاب ہوئے تھے۔