ٹرمپ کا بالواسطہ جوبائیڈن کی کامیابی کا اعتراف

,

   

واشنگٹن : صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ تاحال انتخابی نتائج کو قبول کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آرہے ہیں اور مسلسل دھاندلی کے الزامات عائد کررہے ہیں تاہم اب انہوں نے بالواسطہ طور پر ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی فتح کا اعتراف کرلیا ہے۔ایک ٹوئٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن الیکشن میں دھاندلی کی وجہ سے جیتے ہیں، انتخابی مبصرین کو ووٹنگ کاعمل دیکھنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کی گنتی بائیں بازو کے نظریات رکھنے والی کی ایک خانگی کمپنی کے ذریعہ کرائی گئی جو کہ ناقص آلات رکھنے کے حوالے سے خراب شہرت رکھتی ہے۔

واشنگٹن میں ٹرمپ کے حامیوں کا احتجاجی مظاہرہ
واشنگٹن : امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور صدارتی الیکشن کے نتائج کو مسترد کرنے کا اعلان کیا۔مظاہرین میں بعض لوگ ہلیمٹ اور بلٹ پروف جیکٹیں پہنے ہوئے تھے۔ ان میں انتہائی دائیں بازو کی سفید فام تنظیم ‘پراؤڈ بوائز‘ اور امیگریشن مخالف ‘اوتھ کیپرز‘ ملیشیا گروہ کے ارکان بھی شامل تھے۔ ہجوم سے سازشی نظریات کے پرچار کیلئے مشہور شخصیت ایلکس جونز نے بھی خطاب کیا۔مظاہرین نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب واقع ‘فریڈم پلازہ‘ سے امریکی سپریم کورٹ کی طرف مارچ کیا۔ وہ ووٹ کی مبینہ چوری کیخلاف اور ٹرمپ کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔