لندن ۔ 3ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے ملاقات تو ضرور کریں گے لیکن اپنے دو روزہ قیام کے دوران وہ ( ٹرمپ) برطانیہ میں انتخابی مہم سے دور رہیں گے ۔ یاد رہے کہ برطانیہ میں 12 ڈسمبر کو انتخابات منعقد شدنی ہیں اور اس سے صرف چندروز قبل ہی ناٹو فوجی اتحاد کے ایک اجلاس میں ٹرمپ شرکت کررہے ہیں جس کیلئے ان کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ ناٹو کے سربراہ جینس اسٹونبرگ کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے واضح طور پر کہا کہ ان کا انتخابی مہمات کا حصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ ایسا کرتے ہوئے وہ حالات کو پیچیدہ کرنا نہیں چاہتے لیکن بورس جانسن سے ملاقات یقینی طور پر کریں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ بورس ایک باصلاحیت قائدہیں اور انہیں ( ٹرمپ) امید ہے کہ جانسن اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے ۔ فی الحال بورس جانسن اور ٹرمپ کے درمیان اکیلے میں ہونے والی بات چیت کی کوئی تفصیلات نہیں ہیں ۔