ٹرمپ کا بڑا اعلان: ہندوستان کے ساتھ مل کر لڑیں گے دہشت گردی کے خلاف لڑائی

,

   

امریکہ کے ہیوسٹن میں ہندستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے اعزاز میں رکھے گئے ہاوڈی مودی پروگرام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلامی دہشت گردی پر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان اور امریکہ کے درمیان نئی دفاعی شراکت داری پرکام ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑائی لڑیں گے۔ سرحد پر تحفظ کیلئے دونوں ملک ساتھ کام کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ میں ہندوستان کا مجھ سے اچھا دوست صدر نہیں رہا۔ نریندر مودی کی مدت کار میں دنیا ہندو ستان کو ایک مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ مودی کی قیادت میں ہندوستان مضبوط ہورہا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی بولے اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی جائے۔ میں کہنا چاہوں گا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہاں دہشت گردی کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس کارروائی میں امریکہ اور اسرائیل ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ اسے لیکر پی ایم مودی نے امریکہ اور اسرائیل کو کھڑے ہوکر اعزاز دینے یعنی اسٹینڈنگ اوویشن دینے کی بات بھی کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بہت کچھ ہورہا ہے، بہت کچھ بدل رہا ہے، بہت کچھ کرنے کے ارادے کو لیکر ہم چل رہے ہیں۔ ہم نے نئے چیلنج لینے اور پورا کرنے کی ضد ٹھانی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آرٹیکل 370 نے جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام کو ترقی اور مساوی حقوق سے محروم کر رکھا تھا۔ دہشت گرد اور علیحدگی پسند قوتیں اس کا فائدہ اٹھا رہی تھیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان کے اس قدم سے ان لوگوں کو دقت ہو رہی ہے جن سے اپنا ملک نہیں سنبھل پا رہا ہے۔