ریاض : 21مئی ( ایجنسیز) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے نتائج کو سراہتے ہوئے ان کے نتائج کو دوطرفہ تعلقات بالخصوص سٹرٹیجک اور معاشی شعبوں میں تاریخی پیش رفت قرار دیا۔کابینہ کا اجلاس جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی زیر صدارت ہوا۔اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے سعودی عرب کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی و دوستانہ تعلقات میں اضافے کے لیے مفید قرار دیا۔ قائم مقام وزیر اطلاعات و وزیرمملکت اوررکن کابینہ برائے امورشوری کونسل ڈاکٹر عصام بن سعد نے اجلاس کے بعد بتایا’ کابینہ نے خلیجی امریکی کانفرنس میں ولی عہد کی تقریر کی تعریف کی جو انتہائی جامع تھی جس میں مشترکہ تعاون کو تیز کرنے، برادر اور دوست ممالک کے ساتھ کثیر الجہتی کاموں اور ترقی کے حوالے سے مملکت کے موقف پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے میں فروغِ امن اور تنازعات کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی تعاون پر زور دیا گیا۔ کابینہ نے جمہوریہ شام پر عائد پابندیاں ہٹانے کے حوالے سے ولی عہد کی کوششوں پر امریکی صدر کے مثبت رد عمل کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پابندیوں کے خاتمہ سے برادر ملک کی تعمیرِ نو اورترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔اجلاس نے عرب لیگ کے 34 ویں اجلاس میں مملکت کی جانب سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے کسی بھی امکان کو مسترد کیے جانے کے اقدام کی تعریف کی۔