نئی دہلی ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو اس بات پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا جاریہ ماہ ہندوستان کے دورہ پر آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور خاتون اول کو یادگار خوش آمدید کہا جائے گا ۔ اپنے ٹوئیٹس میں نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ جمہوریت اور تکثریت کی زندہ مثال ہیں ۔ یہی نہیں بلکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ متعدد امور پر تعاون کررہے ہیں جو کہ نہ صرف دونوں ملکوں کی عوام بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بہترین مثال ہے اور سود مند بھی ہے ۔ یاد رہے کہ صدر ٹرمپ 24 اور 25 فروری کو ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں ۔ مودی نے ایکبار پھر اپنی بات دہرائی اور کہا کہ ٹرمپ کا شاندار استقبال کیا جائے گا ۔ امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما بھی ہندوستان کا دو بار دورہ کرچکے ہیں ۔