ٹرمپ کا غزہ جنگ کے خاتمہ کیلئے بڑا منصوبہ پیش

   

نیو یارک ، 25 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کے رہنماؤں کے سامنے غزہ جنگ کے خاتمے اور قیام امن کے لیے 21 نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے ۔ نیو یارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وٹکوف نے بتایا کہ منگل کو ٹرمپ کی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر، اردن، ترکیہ، انڈونیشیا اور پاکستان کے حکام سے انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ اس حوالے سے صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ انہیں امید بلکہ یقین ہے کہ آئندہ دنوں میں کوئی پیش رفت سامنے آئے گی۔ امریکی چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق عرب و مسلم رہنماؤں کو 21 نکاتی منصوبہ پیش کیا گیا۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ فوری طور پر ختم ہونی چاہیے ، ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیل عالمی سطح پر مزید تنہا ہورہا ہے ۔ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی وٹکوف نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کسی بڑے بریک تھرو کا اعلان ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد عرب و مسلم رہنماؤں نے امریکی صدر ٹرمپ کے منصوبہ کو سراہا، صدر ٹرمپ نے پہلی بار غزہ جنگ کے خاتمے کا امریکی منصوبہ پیش کیا ہے یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں عرب ممالک بالخصوص مصر کی قیادت میں فلسطینی علاقے کے لیے جنگ بعد کا ایک منصوبہ سامنے لائے تھے جس میں حماس کو اقتدار سے باہر رکھنے کی تجویز شامل تھی۔ یہ منصوبہ اس وقت جلدی میں بنایا گیا جب ٹرمپ نے فروری میں تجویز دی تھی کہ امریکہ غزہ پر کنٹرول سنبھالے اور وہاں کی دو ملین آبادی کو بے دخل کرے ۔

فلسطینی عوام بے پناہ تکلیف میں : کینیا
نیویارک : 25 ستمبر ( ایجنسیز )کینیا کے صدر ولیم رْتو نے غزہ میں جاری تباہ کن صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کو درپیش مصائب اور انسانی المیہ پوری دنیا کے لیے تشویش کا باعث ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔کینیا کے صدر نے کہا کہ غزہ میں انسانی تباہی اور عام شہریوں کی مشکلات پرسخت فکرمندہیں جو اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی وجہ سے بے پناہ تکالیف سہہ رہے ہیں۔