واشنگٹن ۔ فیس بک نے سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو دو برس کے لیے معطل رکھنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ یوں ستمبر 2023 تک ٹرمپ اپنا فیس بک اکاؤنٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔ 6 جنوری کو کیپیٹل ہل پر حملے کے ایک دن بعد سماجی رابطوں کی اس مقبول ویب سائٹ نے ٹرمپ کا اکاؤنٹ بند کر دیا تھا۔ ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اس تشدد کو ہوا دی تھی۔ ساتھ ہی فیس بک نے کہا ہے کہ قوانین میں تبدیلیاں کر لی گئی ہیں، تاکہ اس کمپنی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے عالمی رہنماؤں کے خلاف کارروائی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔
