ٹرمپ کا مواخذہ کی کارروائی سے قبل نئی قانونی ٹیم کا اعلان

   

واشنگٹن : امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سینیٹ میں اپنے مواخذہ کی کارروائی شروع ہونے سے چند روز قبل وکلا کی نئی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔وکیلِ صفائی ڈیوڈ شان اور بروس کاسٹر نو فروری کو سینیٹ میں سابق صدر کا دفاع کریں گے۔اس سے قبل ڈونالڈ ٹرمپ کے وکلا کی ٹیم میں شامل ریاست ساؤتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے وکیل بچ باورز اور ڈیبرا باربیئر نے خود کو صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم سے الگ کر لیا تھا۔سابق صدر ٹرمپ پر 6 جنوری کو کانگریس کی عمارت کیپٹل ہل پر ہونے والے حملے کے لیے اپنے حامیوں کو اکسانے کا الزام ہے۔ ایوانِ نمائندگان نے 13 جنوری کو اس الزام پر ڈونالڈ ٹرمپ کا مواخذہ کیا تھا اور اب اْنہیں سینیٹ میں مجرم ٹھہرانے کی کارروائی کا سامنا ہے۔ٹرمپ کے آفس نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ سابق صدر کی قانونی ٹیم میں شامل ہونے والے دونوں وکلا نے سینیٹ میں ڈونالڈ ٹرمپ کے دفاع کی ذمہ داری کا خیرمقدم کیا ہے۔ٹرمپ آفس کے مطابق ڈیوڈ شان پہلے بھی سابق صدر اور ان کے مشیروں کی معاونت کر رہے تھے۔ٹرمپ کی قانونی ٹیم میں شامل وکیل بروس کاسٹر نے کہا ہے کہ امریکہ کی تاریخ میں جس طرح اب آئین کی طاقت کو آزمایا جائے گا اس طرح پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ہمارا قانون مضبوط ہے اور لچکدار ہے۔