واشنگٹن، 28 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہفتہ کے روز کہا کہ وہ “گھریلو دہشت گردوں” سے نمٹنے کے لئے ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں فوج تعینات کریں گے ۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ “میں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو ہدایت دے رہا ہوں کہ وہ جنگ سے تباہ شدہ پورٹ لینڈ اور ہمارے کسی بھی آئی سی ای (امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ) مرکز کو تحریک انٹیفا اور دیگر گھریلو دہشت گردوں کے حملے سے بچانے کے لیے تمام ضروری دستے فراہم کریں۔پورٹ لینڈ کے میئر کیتھ ولسن نے ستمبر کے اوائل میں ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک بھر کے دیگر میئر کی طرح انہوں نے بھی “وفاقی مداخلت” کی درخواست نہیں کی تھی اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے ۔ ہفتہ کے روز ولسن نے کہا کہ پورٹ لینڈ اور کسی بھی دوسرے امریکی شہر میں “فوجی دستوں کی درکار تعداد صفر ہے ” جبکہ ٹرمپ نے شہر میں “تمام ضروری فوجی دستے ” بھیجنے کا حکم دیا ہے ۔ ٹرمپ نے اس سے قبل لاس اینجلس اور واشنگٹن ڈی سی میں فوجی دستوں کو تعینات کیا تھا جس کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے ۔