لندن29جولائی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے روس کو یوکرین جنگ بندی پر متفق ہونے کے لیے 10 یا 12 دن کی ایک نئی اور مختصر ڈیڈ لائن دی ہے ۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اسے کو بہت اہم قرار دیا ہے ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ مزید انتظار کی کوئی وجہ نہیں کیونکہ امن کی جانب کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔ دو ہفتے قبل مسٹر ٹرمپ نے کہا تھا کہ صدر پوٹن کے پاس جنگ بندی کے لیے 50 دنوں کا وقت ہے ، ورنہ روس کو سخت درآمداتی محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔کل اسکاٹ لینڈ میں برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے یوکرین میں جاری سرگرمیوں سے دوبارہ اختلاف ظاہر کیا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ پیر کی تازہ ترین پیش رفت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے روسی قانون ساز آندرے گوریف نے کہا کہ ٹرمپ کے الٹی میٹم اب کام نہیں کر رہے ہیں، نہ فرنٹ لائن پر، نہ ماسکو میں، اور یہ کہ روس کے پاس ہتھیار، اصول اور مرضی کی طاقت ہے ۔ روس نے امن و سلامتی کے لیے جو شرطیں رکھی ہیں، وہ یوکرین اوراس کے مغربی اتحادیوں کے لیے ناقابل قبول ہیں۔
امریکہ غزہ میں فوڈ سنٹر کھولے گا:ٹرمپ
لندن29جولائی (یواین آئی) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے غزہ کی پٹی میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے وہاں ’فوڈ سنٹر‘ کھولے گا۔کل اسکاٹ لینڈ میں برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران اس میٹنگ کی ایک بڑی وجہ ہے ۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی خوفناک صورتحال کا اعتراف کیا۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں ’’بڑے پیمانے پر اور تیز رفتار‘‘ امداد پہنچانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا اور بھکمری کے بحران کو ختم کرنے اور بقیہ یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ڈاؤننگ اسٹریٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے خطہ میں امن کی راہ ہموار کرنے کیلئے فوری جنگ بندی کی اپنی اپیل کا اعادہ کیا اور وزیر اعظم نے اس کو یقینی بنانے کیلئے صدر کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔