ٹرمپ کا 20 جنوری کو اقتدار نو منتخب صدر بائیڈن کے سپرد کرنے کا اعلان

,

   

واشنگٹن: مسلسل کئی ہفتوں تک شکست تسلیم کرنے سے انکار کے بعد آخر کار ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے 20 جنوری 2021ء کو اقتدار نو منتخب صدر کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پابندی ہٹنے کے بعد اپنی پہلی ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مفاہمانہ انداز میں کہا کہ وہ کیپٹول ہل کی عمارت میں فسادات کی وجہ سے پریشان ہیں۔انہوں نے اقتدار کی پرامن منتقلی کے عزم پر زور دیتے ہوئے زور دیا کہ نئی انتظامیہ 20 جنوری کو اقتدار سنبھالے گی ۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے کانگریس پر دھاوا بولا وہ امریکہ کی نمائندگی نہیں کرتے اور وہ اس کی قیمت ادا کریں گے۔ٹرمپ نے بھی پہلی بار اعتراف کیا کہ جو بائیڈن امریکہ کے اگلے صدر ہوں گے۔ٹرمپ کے یہ الفاظ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کائلی مک کینانی کے چہارشنبہ کو کانگریس میں ہونے والے فسادات کی مذمت کے بعد آئے ہیں جس نے اس بات کی تصدیق کی کہ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ اس واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔