تہران : امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ کو قتل کی دھمکی دینے پر سوشیل میڈیا کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر نے حال ہی میں ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کا اکاؤنٹ معطل کردیا ہے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ سے متعلق دھمکی آمیز ٹویٹ رکھنے پر یہ کارروائی کی گئی ۔ ٹوئیٹر نے اسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، دھونس اور دھمکی کے علاوہ تشدد پر اکسانے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا اکاؤنٹ معطل کردیا ہے ۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ معطلی کی مدت کتنی ہوگی ۔ اس ٹویٹ سے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کے قواعد و ضوابط مجروح ہوئے ہیں ۔ قبل ازیں آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے گولف کھیلتے ہوئے ایک شخص کی فضاء سے لی گئی تصویر پوسٹ کی تھی جسے دیکھنے سے ڈونالڈ ٹرمپ کا گمان ہوتا ہے کیونکہ ٹرمپ بھی اکثر گولف کھیلتے نظر آتے ہیں ۔ اسی تصویر میں گولف کھیلنے والے شخص پر ایک دیووہیکل سایہ نظر آرہا ہے جو غالباً کسی جنگی جہاز یا ڈرون کا ہے ۔ اس تصویر کے ساتھ آیت اللہ خامنہ ای نے لکھا کہ انتقام ناگزیر ہے ۔