ٹرمپ کیلئے ہند ۔ امریکہ تعلقات کافی اہم : سفیر شرنگلا

   

واشنگٹن 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر ڈونالڈ ٹرمپ ہندوستان ۔امریکہ تعلقات کو کافی اہمیت دیتے ہیں۔ امریکہ کیلئے ہندوستان کے نئے سفیر ہرش وردھن شرنگلا نے آج یہ بات بتائی ۔ شرنگلا 1984 بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی ایف ایس عہدیدار ہیں۔ انہوں نے اپنے کاغذات تقرری اوول آفس وائیٹ ہاوز میںصدر ٹرمپ کو آج پیش کئے ۔ وہ امریکہ میں نوتیج سرنا کے جانشین ہونگے جو 31 ڈسمبر کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔ شرنگلا امریکہ میں متعین کئے جانے والے نوجوان ہندوستانی سفیر ہونگے ۔ امریکہ اور ہندوستان کے مابین سفارتی تعلقات مستحکم ہوتے جا رہے ہیں اور ان میں قربت بڑھ رہی ہے ۔ مسٹر شرنگلا نے آج صدر ٹرمپ کو اپنے کاغذات تقرری پیش کئے اور بعد میں اس خیال کا اظہار کیا کہ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان سے تعلقات کو کافی اہمیت دی جاتی ہے ۔ کاغذات تقرری در اصل ایک مکتوب ہوتا ہے جس کے ذریعہ کسی سفارتکار کو دوسرے ملک میں سفیر مقرر کیا جاتا ہے ۔ یہ مکتوب اس ملک کے سربراہ کے نام ہوتا ہے اور نامزد کیا جانے والا سفیر خود یہ مکتوب اس ملک کے سربراہ کو پیش کرتا ہے ۔ اسی پیشکشی سے نئے سفیر کی معیاد کا آغاز بھی ہوتا ہے ۔ مسٹر شرنگلا نے صدر ٹرمپ کو تیقن دیا کہ وہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا رول ادا کرینگے ۔ وہ اب تک بنگلہ دیش میں ہندوستان کے ہائی کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔