واشنگٹن۔ 31 جنوری (یو این آئی) واشنگٹن ڈی سی، ایریزونا، کولوراڈو، مشی گن، اٹلانٹا اور پورٹ لینڈ سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے اور طلبہ کی جانب سے واک آؤٹ کیا گیا جبکہ بعض ریاستوں میں اسکول بند رہے ۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے 37 سالہ الیکس پریٹی کی ہلاکت پر شہری حقوق کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم 37 سالہ رینی نکول گُڈ کی ہلاکت پر تاحال کوئی تحقیقات نہیں کی گئیں۔ امریکی حکام کے مطابق پریٹی کی ہلاکت کی مکمل چھان بین اب ایف بی آئی کرے گی۔ ابتدائی طور پر حکومتی عہدیداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ پریٹی نے اسلحہ لہرایا تھا تاہم بعد میں اس واقعے پر کئی پر سوالات اٹھے گئے ۔ دوسری جانب نکول گُڈ کو ابتداء میں ‘دہشت گرد’ قرار دیا گیا مگر بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیجز کے تجزیے سے ظاہر ہوا کہ وہ موقع سے نکلنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی دباؤ حکومت کی پالیسیوں میں تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے ۔ افریقی نژاد امریکی ماہرِ قانون و پروفیسر ڈچس ہیرس کے مطابق امریکی تاریخ میں اصلاحات اکثر مزاحمت کے بعد ہی ممکن ہوئی ہیں۔
ٹرمپ کا ایران کے بارے میں اہم ’دعویٰ‘
واشنگٹن۔31 جنوری ( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر شدید دباؤ ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر امریکہ کے ساتھ “ڈیل” کا خواہاں ہے ۔ صدر نے اشارہ دیا کہ انہوں نے تہران کو ایک خفیہ ڈیڈ لائن دے رکھی ہے ، جس کی نزاکت سے صرف ایرانی قیادت ہی واقف ہے ۔صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت لہجہ اپناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی مداخلت کی وجہ سے ایران میں 837 افراد کی پھانسی رک گئی۔ انہوں نے تہران کو پیغام دیا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو امریکہ کا ردعمل تاریخ ساز اور ہولناک ہوگا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران کے خلاف وینزویلا جیسی فوجی کارروائی ہوگی، تو ٹرمپ نے اپنی عسکری حکمت عملی ظاہر کرنے سے انکار کر دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی مضبوط ترین قوت ہے ۔ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ ایران کی جانب بھیجا گیا امریکی بحری بیڑا وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے کہیں زیادہ بڑا اور جدید ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے بیڑے 1940ء کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ طاقتور ہیں۔ روس اور یوکرین کے بحران پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔