واشنگٹن ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اکثر ایسا کچھ کرجاتے ہیں کہ وہ مذاق کا موضوع بن جاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک تازہ واقعہ پیش آیا جس میں وہ میڈیا نمائندوں کو ایک غلط نقشہ دکھا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے سمندری طوفان ڈوریان کی تفصیلات میڈیا نمائندوں کو بتاتے ہوئے غلط نقشہ دکھایا اور اس کی نشاندہی ہونے پر انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں ہے۔ اوول آفس میں پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ کی طرف ایک نقشہ دکھایا گیا ہے جس میں امریکی ریاست البامہ کو بھی ڈوریان طوفان سے متاثرہ ریاستوں میں ظاہر کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران نیشنل ہری کین سنٹر کی جانب سے جاری کردہ وہ نقشہ دکھایا جس میں ڈوریان طوفان کی ابتدائی پیش قیاسی کی گئی تھی۔ اس نقشہ میں ڈوریان طوفان کی نشاندہی کرنے والی سیاہ لکیر کے ذریعہ امریکی ریاست البامہ کو ڈوریان طوفان سے متاثرہ ریاستوں میں شامل کیا گیا تھا تاہم سمندری طوفان ریاست البامہ تک نہیں پہنچا۔ اس غلطی کی نشاندہی کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں تھا۔ اس سے قبل ایک ٹوئیٹ میں بھی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ڈوریان طوفان سے فلوریڈا، جنوبی و شمالی کیرولینا اور جارجیا کے علاوہ البامہ کی ریاستیں بھی متاثر ہوں گی۔ امریکی صدر کی پریس کانفرنس کے کچھ ہی دیر بعد برمنگھم میں واقع محکمہ موسمیات نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ امریکی ریاست البامہ ڈوریان طوفان سے متاثر نہیں ہوگی۔
