ٹرمپ کی ایک بار پھر میڈیا سے جھڑپ، ریڈیو انٹرویو اچانک ختم

   

واشنگٹن : امریکی ریڈیو چینلNPR کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چینل کے ساتھ جاری ٹیلی فونک انٹرویو اچانک ختم کر دیا۔ انٹرویو لینے والے صحافی نے ٹرمپ پر اْن کے اس بار ہا دہرائے جانے والے دعوے کے حوالے سے دباؤ ڈالا تھا یہ 2020ء میں ٹرمپ کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ اس پر ٹرمپ نے گفتگو کا سلسلہ ختم کر دیا۔مذکورہ ریڈیو چینل کا کہنا ہے کہ وہ 6 برس سے ٹرمپ کا انٹرویو لینے کی کوشش کر رہا تھا تاہم سابق صدر مسلسل انکار کرتے رہے۔ یہاں تک کہ گذشتہ منگل کی شام انہوں نے اپنا موقف تبدیل کر لیا۔ انٹرویو کو 15 منٹ تک جاری رہنا تھا تاہم ٹرمپ نے 9 منٹ کی گفتگو پر ہی انٹرویو ختم کر دیا۔ اس کی وجہ میزبان صحافی کی جانب سے 2020ء کے انتخابات میں مینڈیٹ کے چوری ہونے سے متعلق ٹرمپ کے دعوے اور 6 جنوری 2021ء کو کانگریس کی عمارت پر ہنگامہ آرائی کے حوالے سے چبھتے ہوئے سوالات تھے۔