ٹرمپ کی حلف برداری: چینی نائب صدر کی شرکت معمولی بات نہیں!

   

بیجنگ : چین نے جمعہ کو کہا ہے کہ نائب صدر ہان چنگ پیر کے روز نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ بیجنگ نے کہا ہے کہ اس کا مقصد امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینا، باہمی احترام ، پرامن بقائے باہمی اور اس تعاون میں اضافہ کرنا ہے جس سے دونوں ملک فیضیاب ہو سکیں۔ چین کی وزارت خارجہ کی طرف سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ، ’ہم گفتگو اور رابطوں کو بڑھانے، اختلاف رائے میں مناسب توازن لانے، باہمی طور پر فائدہ مند تعاون بڑھانے ، مستحکم، صحت مند اور پائیدار چین امریکہ تعلقات میں اضافہ اور ایک ساتھ آگے بڑھنے کا صحیح راستہ تلاش کرنے کے لیے نئی امریکی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ چین کی طرف سے یہ بیان، صدر شی جن پنگ اور دیگر غیرملکی رہنماؤں کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے دعوت نامے بھیجنے کے ایک ماہ سے زیادہ عرصہ کے بعد سامنے آیا ہے۔