ٹرمپ کی حمایت پر شدید ناگواری، روبرٹ کینیڈی کی بہن کا لا تعلقی کا اظہار

   

واشنگٹن :امریکی صدارتی انتخابات کے آزاد امیدوار روبرٹ کینیڈی جونیئر کی بہن کیری کینیڈی نے اپنے بھائی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے جنھوں نے گذشتہ جمعے کو ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا۔وکالت کے پیشے سے تعلق رکھنے والی اور انسانی حقوق کے میدان میں سرگرم کیری کا یہ موقف امریکی چینل MSNBC کو دیے گئے انٹرویو میں سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے بھائی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت پر میں شدید ناگواری محسوس کر رہی ہوں۔ میں اس سے لا تعلقی کا اظہار کرتی ہوں اور خود کو اْن کوششوں سے دور کرتی ہوں جو وہ (روبرٹ) میرے والد کی یاد پامال کرنے کیلئے کر رہا ہے۔کیری کینیڈی کے مطابق ٹرمپ ملک میں بیش تر بنیادی آزادیوں کے لیے خطرہ ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کیری کے انٹرویو کی ویڈیو کو اب تک 13 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ کیری کینیڈی کے خاندان کے پانچ افراد نے جمعے کے روز جاری ایک بیان میں باور کرایا تھا کہ روبرٹ کی جانب سے ریپبلکن امیدوار کی حمایت ان کی خاندانی اقدار کے ساتھ غداری ہے۔