ٹوئٹر آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹ رہا ہے، امریکی صدر
واشنگٹن ۔ 27 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پہلی مرتبہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر نے امریکی صدر ٹرمپ کے الزامات کو ’بے بنیاد‘ قرار دیا ہے۔ ٹویٹر نے ٹرمپ کی دو ٹویٹس پر ’فیکٹ چیک‘ یعنی حقائق کی جانچ کی نوٹیفکیشن شائع کیا ہے۔ یعنی صدر ٹرمپ نے پوسٹل ووٹنگ کے بارے میں مبینہ طور پر غلط یا گمراہ کن معلومات فراہم کی ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ پوسٹل ووٹنگ میں دھوکا دہی ہوتی ہے۔ امریکی صدر کی حقائق کے برعکس یا پھر اشتعال انگیز ٹویٹس کے خلاف ٹویٹر کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔ د ریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکی ٹوئٹ پر وارننگ لیبل لگانے پر ٹوئٹر پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے صدارتی الیکشن میں مداخلت کا الزام لگا دیا ہے۔امریکی صدر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ٹوئٹر آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹ رہا ہے، اور وہ صدر ہوتے ہوئے ایسا نہیں ہونے دینگے۔امریکی صدر نے اپنے پیغام میں ٹوئٹر کو باقاعدہ مخاطب کرتے ہوئے امریکی صدارتی الیکشن میں مداخلت کرنے کا الزام بھی لگایا۔