واشنگٹن ۔ 23 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کریبین ملکوں کے لیڈروں کے ساتھ وینز ویلا میں جاری سیاسی بحران اور سکیورٹی تعاون کیلئے کئی اہم مسائل پر گفت و شنید کی ۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگن گڈلے نے اس بات کی اطلاع دی۔گڈلے نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے آج دی بہاماس، ہیٹی، جمہوریہ ڈومینیکن ، جمیکا اور سینٹ لوسیا کے لیڈروں کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے سبھی لیڈروں سے وینزویلا میں ایک پرامن جمہوری اقتدار کی تبدیلی کی حمایت کرنے ، آفات ، سرمایہ کاری کے مواقع، اور سیکورٹی تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیا ل کیا ۔ غور طلب ہے کہ وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے اس پر کئی قسم کی پابندی لگانے کے علاوہ کہا ہے کہ وہ فوجی متبادل پر غور کر رہا ہے ۔قومی اسمبلی کے سپیکر اور حزب اختلاف کے لیڈر جوآن گوائیڈو نے 23 جنوری کو ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دیا تھا۔
کنیڈا:دعائیہ تقریب میں پادری کو چاقو گھونپ دیا
ٹورنٹو۔ 23 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کے شہر مونٹریال میں گرجا گھر سے دعائیہ تقریب براہ راست دکھائے جانے کے دوران ایک شخص نے پادری کو چاقو مار دیا۔26برس کے حملہ آور نے پادری کا پیچھا کیا اور اس کے سینے میں چاقو گھونپ دیا۔چرچ میں موجود جرات مند افراد نے ملزم کا گھیراؤ کر کے اسے پکڑ لیا اور پولیس کو بلا کر ملزم کو اس کے حوالے کر دیا۔زخمی پادری کی حالت خطرے سے باہر ہے ، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ملزم نے پادری کو نشانہ کیوں بنایا۔