ٹرمپ کی ہندوستان کیساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے والے قانون کو منظوری

   

واشنگٹن ؍ نئی دہلی۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ہندوستان۔بحرالکاہل علاقے میں امریکی قیادت کو مضبوط کرنے کے مقصد سے ایک قانون پر دستخط کئے ہیں۔اس قانون کو ہندوستان۔امریکہ دو طرفہ تعلقات کوفروغ دینے اور دو اہم جمہوری ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ دفاعی تعلقات کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک بڑے قدم کے طورپر دیکھا جارہا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 4 دسمبر کو سینیٹ سے منظوری ملنے کے بعد اس قانون کو 12دسمبر کو امریکی کانگریس نے نافذ کردیا تھا۔مسٹر ٹرمپ نے 31دسمبر کو کل 13قوانین پر دستخط کرکے انہیں منظوری دے دی۔ایشیا ایشورینس انیشیٹو ایکٹ(اے آر آئی اے )نامی اس قانون کے تحت امریکہ کے اسٹریٹجک علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے پانچ سال کی مدت کے دوران 1.5ارب ڈالرس کا بجٹ الاٹ کیاگیا ہے ۔قانون کے مطابق امریکہ ہندوستان -بحرالکاہل علاقے میں امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں ہندوستان -امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے اہم کردار کو سمجھتا ہے ۔وزیردفاع نرملا سیتارمن نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹویٹ کیا،‘‘ امریکہ ،ہندوستان کو اپنا اہم دفاعی شراکت دار سمجھتا ہے ،یہ ہمارے لئے اہم ہے ۔’’انہوں نے کہا کہ یہ قانون امریکہ اور ہندوستان کے درمیان دفاعی تجارت ٹیکنالوجی تعاون کو اعلی سطح پر لے جاتا ہے ،جو کہ امریکہ کے قریبی شراکت داروں کے ساتھ ہے ۔