واشنگٹن۔5جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ جس وقت امریکہ کی یوم آزادی تقریب سے خطاب کررہے تھے اسی وقت وائیٹ ہاؤز کے باہر امریکی پرچم جلائے جانے کے واقعہ کے بعد ٹرمپ کے مخالفین اور ان کے حامیوں کے گروپ کے درمیان جھڑپیں ہوگئیں جس میں دو سرویس ایجنٹس زخمی ہوگئے ۔ دریں اثناء سی این این نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بائیں بازو کے احتجاجیوں نے امریکی پرچم نذرآتش کیا اور اس کے بعد ٹرمپ کے حامیوں کے ساتھ مارپیٹ کرنے لگے ۔ بائیں بازو کے احتجاجیوں کی قیادت جوئی جانسن کررہے تھے ، اس وقت عوام کی کثیر تعداد نیشنل مال میں ( وائیٹ ہاؤز سے قریب) امریکہ کی یوم آزادی تقریب میں ٹرمپ کی تقریر سننے کیلئے وہاں موجود تھی ۔اس موقع پر سیکریٹ سرویس کے ارکان نے فوری حرکت میں آتے ہوئے پرچم میں لگی آگ بجھادی،تاہم دو ایجنٹس زخمی ہوگئے۔