واشنگٹن: ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹ حریف اور نائب امریکی صدر کملاہیریس سے امریکی ٹی وی چینل پر مباحثہ سے راہ فرار اختیار کر لی۔سابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کملاہیریس کے بائیڈن کی جگہ لینے سے مباحثہ تمام ہوگیا۔ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان ستمبر میں امریکی نیوز چینل (اے بی سی نیوز) پر مباحثہ ہونا تھا اور اسے منسوخ کرنے کے لیے ٹرمپ نے چینل کے خلاف ہتک کے مقدمے کو بھی جوازبنانیکی کوشش کی تاہم ہتک عزت کا مقدمہ مارچ میں دائرکیا گیا اور جو بائیڈن ٹرمپ مباحثہ مئی میں طے کیا گیا تھا۔پرانا طے شدہ مباحثہ منسوخ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے 4 ستمبر کو اپنی پسند کے چینل (فوکس نیوز) پر کملاہیرس سے مباحثے کی دعوت قبول کر لی۔ تاہم اب ٹرمپ کی جانب سے طے شدہ مباحثہ سے انکار پر کملا ہیریس کی انتخابی مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اب خوفزدہ ہوکر طے شدہ مباحثہ سے بھاگ رہے ہیں جس پر انہوں نے خود رضا مندی ظاہر کی تھی۔ نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن کے لیے جو بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان پہلا مباحثہ جون کے مہینے میں ہوا تھا جس میں صدر بائیڈن کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی جس کے بعد انہوں نے انتخابات سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا اور کملا ہیرس کو ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔