سنی آئزلس بیچ (یو ایس)۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے فلوریڈا میں واقع ریسارٹس میں سے ایک ریسارٹ میں ہوئے فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے جس میں ایک فرد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوئے ہیں۔ دریں اثناء میامی پولیس کے ترجمان الوارو زبالیٹا نے بتایا کہ انہیں دوپہر 2 بجے کے قریب ایک فون آیا جس میں ٹرمپ انٹرنیشنل بیچ ریسارٹ میامی میں فائرنگ کے بارے میں بتایا گیا جوآئزلس بیچ پر واقع ہے۔ وہاں موجود افسران فوری جائے واردات پر پہنچ گئے اور وہاں انہوں نے متعدد کاروں پر بندوق کی گولیوں کے نشانات دیکھے۔ ایسی ہی ایک کار میں ایک 19 سالہ زخمی خاتون پائی گئی جسے فوری ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ تھوڑی ہی دیر بعد ایک اور کال موصول ہوئی جس میں ایک مرد کو ایک کار میں پڑا ہوا پایا گیا۔ پولیس فوری حرکت میں آتے ہوئے وہاں پہنچ گئی اور اس کی 43 سالہ محمد زرادی کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی جو فوت ہوچکا تھا۔