ٹرمپ کے سبب دنیا میں بحران : امریکی سنیٹر

   

خود مختار ملک کیخلاف بلاجواز جنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی: برنی سینڈرز
واشنگٹن۔30؍مارچ ( ایجنسیز) امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ پوری دنیا کو بحران سے دوچار کر رہے ہیں، ایک شخص نے ملک کے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے رکھاہے۔ ہم اپنے ملک میں آمریت نہیں چاہتے۔ایران جنگ کیخلاف امریکہ کے مختلف شہروں میں 70 لاکھ سے زائد افراد کے نو کنگ مظاہرے شروع ہوگئے۔نوکنگز مظاہرے سے امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر شدید تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدرٹرمپ پوری دنیا کو بحران سے دوچار کر رہے ہیں۔ آج ہمار اپیغام ہے، نو مور کنگز۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تاریخ میں پہلے کبھی کسی نے طاقت کا اتنا غلط استعمال نہیں کیا۔برنی سینڈرز نے کہا کہ عراق جنگ پر ہم سے جھوٹ بولا گیا۔ آج ایران کیخلاف جنگ پر ہم سے جھوٹ بولا جارہاہے، ایران کیخلاف جنگ اسرائیلی وزیراعظم نے شروع کی۔ ایک خود مختار ملک کے خلاف بلاجواز جنگ شروع کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں افراد کو قتل کیاگیا۔ غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔ ایران میں اب تک دو ہزار شہری مارے جاچکے ہیں۔ اسرائیل کو امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے اسلحہ کی فراہمی روکی جائے۔برنی سینڈرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ جھوٹ بول کر ایران کے خلاف جنگ میں امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع کر رہے ہیں۔ ایران کیخلاف جنگ کو فوری روکنا ہوگا۔ ٹیکس دہندگان کا پیسا تعلیم، صحت اور سستے گھروں کی تعمیر پرخرچ کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکہ کی تاریخ کا غیرمعمولی اور خطرناک لمحہ ہے۔ کئی حوالوں سے امریکہ سمیت پوری دنیا کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، آج ہم ڈونالڈ ٹرمپ کی آمریت کو مسترد کرتے ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کو بھی امریکہ کی 50 ریاستوں میں 3ہزار200احتجاجی مظاہرے ہوئے۔