تہران ۔6 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی گزشتہ ہفتے امریکی فضائی حملوں میں ہلاکت کے جواب میں ایران نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سر پر 80 ملین ڈالر کا انعام رکھا ہے ۔ ٹاپ ایرانی ملٹری کمانڈر کے جلوس جنازہ کے دوران سرکاری چیانلوں نے کہا کہ ہر ایرانی کی طرف سے ایک ڈالر جمع کئے جائیں گے اور یہ نقدی اُسے دیں گے جو کوئی امریکی صدر کو قتل کرے۔ ایران میں 80 ملین کی آبادی ہے ،اس آبادی کی بنیاد پر ایران 80 ملین ڈالر اکٹھا کرنا چاہتا ہے جو صدر ٹرمپ کے سر پر انعام رکھا جائے گا ۔ 3 جنوری کو امریکی ڈرون حملے میں جس کا ٹرمپ نے حکم دیا ، ایران کے اسلامک پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر سلیمانی اور عراق کے پیراملٹری ہشد شابی فورسز کے نائب سربراہ ابومہدی المہندس ہلاک ہوئے ۔ یہ حملہ بغداد انٹرنیشنل ایرپورٹ روڈ پر کیا گیا ۔ اعلیٰ رہنما آیت اﷲ علی خامنہ ای اور صدر حسن روحانی نے امریکہ سے انتقام لینے کا عہد کیا ہے ۔