ٹرمپ کے سیاسی حریف کملا ہیریس اور ہلاری کلنٹن کی سیکوریٹی کلیئرنس منسوخ

   

منسوخی کے بعد ان شخصیات کی خفیہ معلومات تک رسائی مسدود، ہلاری 2016 اور ہیریس 2024 میں ٹرمپ سے ہار چکی ہیں

واشنگٹن : امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی مخالف صدارتی امیدوار اور سابق نائب صدر کملا ہیریس اور سابق وزیرخارجہ ہلاری کلنٹن کی سیکوریٹی کلیئرنس منسوخ کردی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف اقدام میں سابق نائب صدر کملا ہیریس، سابق وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن اور دیگر شخصیات کی سیکوریٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے۔ سیکوریٹی کلیئرنس منسوخ ہونے کے بعد ان شخصیات کو خفیہ معلومات تک رسائی حاصل نہیں رہے گی۔ صدر ٹرمپ نے کملا ہیریس کو 2024 جبکہ ہلاری کلنٹن کو 2016 کے صدارتی انتخاب میں شکست دی تھی۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان شخصیات کی خفیہ معلومات تک رسائی اب ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ جن افراد کی سیکوریٹی کلیئرنس منسوخ کی گئی ہے ان میں سابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن بھی شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے مراسلے میں ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی اور اپنی شدید ناقد سابق رکن کانگریس لز چینی کوبھی نشانہ بنایا ہے۔ جو بائیڈن کی حکومت میں وائٹ ہاؤس کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور روسی امور کی ماہر فیونا ہل کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔ واشنگٹن میں قومی سلامتی کے وکیل مارک زید اور ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن کانگریس ایڈم کنزنگر کی سیکوریٹی کلیئرنس بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ پہلے ہی جو بائیڈن کی سیکوریٹی کلیئرنس منسوخ کر چکے ہیں جبکہ روایتی طور پر سابق صدور کو امریکی انٹیلی جنس تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔2021 میں جو بائیڈن نے ڈونالڈ ٹرمپ کی بطور سابق صدر سیکوریٹی کلیئرنس منسوخ کر دی تھی۔