ٹرمپ کے غزہ پر قبضہ کا بیان،سعودی عرب کی شدید تنقید

   

ریاض : سعودی عرب نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مؤقف کو ایک مرتبہ پھر دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کا طویل مدت سے یہی نظریہ ہے کہ فلسطینیوں کی ایک خودمختار ریاست ہونی چاہیے اور یہ ایک پختہ مؤقف ہے جس پر مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔عرب نیوز کے مطابق صدرڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ کو امریکی ’ملکیت‘ میں لینے اور فلسطینیوں کو اپنی زمین سے بے دخل کرنے سے متعلق بیان کے کچھ دیر بعد سعودی وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا۔مملکت اور اس کے رہنماؤں کا طویل مدت سے یہی مؤقف رہا ہے اور وہ بارہا فلسطینیوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے آئے ہیں، ان کے بقول دہائیوں سے جاری تنازعہ کے پائیدار حل کے طور پر اسرائیل کے ساتھ فلسطینی اپنی ریاست کے مستحق ہیں۔سعودی رہنماؤں نے بارہا کہا ہے کہ مملکت اور اسرائیل کے درمیان رسمی تعلقات کا انحصار 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر ہے۔وزارت خارجہ کے بیان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 18 ستمبر 2024 کو شوریٰ کونسل سے خطاب کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب خومختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو، کے قیام کے لیے انتھک کوششیں جاری رکھے گا اور اس کے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر نہیں لائیں گے۔سعودی ولی عہد نے 11 نومبر 2024 کو ریاض میں ہونے والی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں بھی انہی جذبات کا اظہار کیا تھا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دیگر ممالک پر بھی زور دیا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں۔ انہوں نے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کے لیے عالمی کمیونٹی کو متحرک کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا۔