واشنگٹن،7نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کیلئے ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں پہلی کھلی سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی چہارشنبہ کو مواخذے کی تحقیقات کے لئے کھلی سماعت کرے گی۔ یوکرین میں امریکی سفیر ولیم ٹیلر اور نائب معاون وزیر خارجہ جارج کینٹ بیان ریکارڈ کرائیں گے ۔کمیٹی کے صدرنشین ایڈم شف کہاہے کہ معاملہ کی کھلی سماعت سے امریکی عوام کو ٹرمپ کے خلاف کیس پر اپنی رائے قائم کرنے کا موقع ملے گا۔الزامات کے مطابق صدر ٹرمپ نے یوکرین کی مالی امداد روکی اور وہاں توانائی کے شعبہ میں کام کرنے والے اپنے سیاسی حریف جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف تحقیقات کے لئے یوکرینی حکام پر دباؤ ڈالا۔اس طرح انہو ں نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی اور ذاتی فوائد کے لئے امریکی خارجہ پالیسی کا غیر قانونی استعمال کیا۔