ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی جاریہ ماہ :اسپیکر

,

   

واشنگٹن /3 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ایوانِ نمایندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کی سماعت اسی ماہ شروع ہو جائے گی۔ بلومبرگ نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نینسی پیلوسی نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ نومبر ہی میں سماعت کی عام کارروائی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کا مقدمہ آہنی نوعیت کا ہونا چاہیے۔ ایوانِ نمایندگان کی جانب سے ڈرافٹ میں عوامی رائے اور صدر اور ان کے وکیل سے جواب کے لیے بنیادی قوانین کا جائزہ لیا جائے گا۔ نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ فل ہائوس ووٹ درکار نہیں ہوگا،اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ ہائوس امریکی صدر کے خلاف مواخذے کیلئے اگلی جانب بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہائوس کی ترجمان اسٹیفی گرشام نے جمعہ کے روز فاکس نیوز کو بتایا کہ جب بھی ہو، ہم مو?اخذے کے لیے تیار ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت والے ایوانِ نمایندگان نے جمعرات کو ووٹ دیا تھا، جس میں ٹرمپ کے خلاف کھلے عام مواخذے کی کارروائی کا اختیار دیا گیا۔ اس سے قبل کئی ہفتوں تک بند کمرے میں سماعت جاری رہی، جس کا تعلق ٹرمپ کی ان مبینہ کوششوں سے تھا، جس میں انہوں نے یوکرائن پر زور دیا تھا کہ وہ ان کے سیاسی مخالفین کے خلاف تفتیش کرے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے برے سلوک کے باعث ذاتی رہایش گاہ کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ فلوریڈا کے پام بیچ کو اپنا مستقل رہایشی مقام بنائیں گے۔ ٹرمپ نے نیویارک سے فلوریڈا منتقلی کے حوالے سے کہا کہ بدقسمتی سے نیویارک اور اس کی ریاست کو لاکھوں ڈالر دینے اور ٹیکس ادا کرنے کے باوجود انہیں برے سلوک کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی رہائش گاہ نیویارک سے فلوریڈا منتقل کرنے کا فیصلہ لیتے ہوئے بہت برا لگا، تاہم یہ فیصلہ سب کے لیے بہترین ہوگا۔

نیویارک میں مارشل آرٹس مقابلے ، ٹرمپ کا خیرمقدم
نیویارک ۔ /3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کو نیویارک میں منعقدہ مارشل آرٹس اسپورٹنگ کے موقع پر زبردست خیرمقدم کیا گیا ۔ تاہم ہجوم میں سے بعض نے ان پر طنز بھی کیا ۔ حال ہی میں صدر ٹرمپ کو باس کے لقب سے مخاطب کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ حاضرین نے ان پر نکتہ چینی بھی کی تھی ۔ واشنگٹن میں بیس بال کھیل کے موقع پر انہیں اسکرین پر دیکھ کر عوام نے طنزیہ نعرے لگائے تھے ۔