واشنگٹن،26 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک سے متعلق ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کردیے ۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ، اس معاہدے کی مالیت 14ارب ڈالر ہوگی، اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار ٹک ٹاک کی ملکیت سنبھال رہے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چینی صدر ژی جن پنگ نے منظوری کے معاملے میں شاندار کردار ادا کیا، امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کو اب پروپیگنڈے کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، ٹاک ٹاک کو امریکیوں کیلئے محفوظ کردیا گیا ہے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے چینی صدر کو ٹک ٹاک سے متعلق اقدامات کا بتایا، چینی صدر نے ہمارے ٹک ٹاک سے متعلق اقدامات سے اختلاف نہیں کیا، میں چینی صدر کی بہت عزت کرتا ہوں۔ جس کے بعد نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اس کاروبار کی مالیت 14 ارب ڈالر ہے ۔یہ اقدام ایک نئے امریکی ملکیت کے ڈھانچے کے تحت ٹک ٹاک کو امریکہ میں کام جاری رکھنے کی اجازت دیتا ہے ۔ ٹرمپ کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ الگورتھم کو نئی امریکی کمپنی کے سیکیورٹی پارٹنرز کے ذریعہ دوبارہ تربیت دی جائے گی اور اس کی نگرانی کی جائے گی، الگورتھم کا آپریشن نئے جوائنٹ وینچر کے کنٹرول میں ہوگا۔ دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے ٹرمپ کے اقدام پر فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ ٹک ٹاک نے بھی ٹرمپ کے اقدام پر فوری تبصرہ نہیں کیا۔