ٹرمپ کے پاؤں پر ورم اور ہاتھوں پرنیلے نشان

   

واشنگٹن : 18جولائی ( ایجنسیز ) امریکی صدر کے ہاتھوں پر نیل کے نشانات کی تصاویر پر چہ میگوئیوں کے بعد وائٹ ہاؤس نے بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ رگوں کی دائمی بیماری میں مبتلا ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ 79 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹانگوں پر سوجن ہوئی جس کے بعد اْن کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا جس میں ان کے جسم کی رگوں کے نظام کی جانچ بھی شامل تھی۔انہوں نے بتایا کہ ’بار بار ہاتھ ملانے سے ٹشو متاثر ہونے‘ اور دل کی بیماریوں سے بچاؤ کی دوا ایسپرین لینے کی وجہ سے صدر ٹرمپ کے ہاتھوں پر نیلے نشان نظر آرہے ہیں۔وائٹ ہاؤس کے معالج شان باربابیلا کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ بیماری ’عام‘ ہے اور ’خطرناک نہیں ہے۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مزید ٹیسٹوں سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ ٹرمپ دل کی خرابی، گردوں کی خرابی یا کسی اندرونی بیماری کا شکار نہیں ہیں۔‘وائٹ ہاؤس کے سرکاری معالج کے مطابق مجموعی طور پر ٹرمپ کی صحت ’بہترین‘ ہے۔پریس سیکریٹری کیرولین کے انکشافات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب صد ٹرمپ کے ورم سے متاثر ٹخنوں کے بارے میں چہ میگوئیاں شروع ہو چکی ہیں۔