ٹورنٹو : کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کووڈ 19 کی وبا کے دوران دیے گئے قرضوں کی ادائیگیوں میں مزید ایک سال کی چھوٹ دے دی۔ اس فیصلے سے 7 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروباروں کو فائدہ ہوگا، حکومتِ کینیڈا نے کووڈ کی وبا کے دوران 9 لاکھ چھوٹے کاروباروں کو مجموعی طور پر 49 ارب ڈالر کے بلاسود قرضے دیے تھے۔ حکومت نے چھوٹے کاروبار کے مالکان سے کہا تھا کہ اگر وہ مقررہ وقت میں 40 ہزار سے 60 ہزار ڈالر کے قرضے واپس کر دیں گے تو انہیں 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک معاف کر دیے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا تھا کہ جو قرض دار یہ سہولت نہ لینا چاہیں، وہ دو سال میں اپنے پورا قرضہ واپس کر دیں۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے نئے فیصلے کے مطابق اب قرضوں کی واپسی کیلئے دو سال کی مدت بڑھا کر تین سال کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چھوٹے کاروبار کے 21 فیصد مالکان اپنے قرضے اس سال پہلے ہی ادا کرچکے ہیں۔
افغانستان میں 52 چھوٹے ڈیموں کی سنگ بنیاد تقریب
کابل: افغان صوبہ لغمان میں 36 میٹر لمبے بڑے ڈیم ، اور 51 چھوٹے ڈیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔اس مقصد کے لیے منعقدہ تقریب میں گورنر لغمان الحاج قاری زین العابدین نے ورلڈ فوڈ آرگنائزیشن کا شکریہ ادا کیا اور پراجیکٹ پر عمل درآمد کرنے والوں اور ورکرز کو اپنے سسٹم کے ساتھ کھڑے ہونے اور کام کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی سفارش کی۔
بعد ازاں لغمان کینال ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ مولوی شیرجان راشدی نے کہا کہ یہ ڈیم عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے 12.5 ملین افغانی کی لاگت سے بنائے جا رہے ہیں جس سے 250بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ پانی 14 دیہاتوں سے گزرتا ہے اور اس کی تعمیر سے 2000 ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہوگی اور 1250 خاندان اس سے مستفید ہوں گے۔