حیدرآباد :۔ حیدرآباد میں موٹر گاڑیوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہونے کی وجہ شہر میں پارکنگ کے مقامات تنگ دامنی کا شکوہ کررہے ہیں ۔ جس کی وجہ مختلف جنکشنس پر ٹریفک ہجوم اور ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ اس طرح کے ٹریفک ہجوم کو کم کرنے کے لیے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے ’ اسمارٹ پارکنگ پراجکٹ ‘ کا آغاز کیا ہے ۔ اس پراجکٹ کے پائیلٹ کے تحت کوکٹ پلی میں فورم مال کے روبرو ایک فلائی اوور کے نیچے ایک پارکنگ جگہ مختص کی گئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار ڈی سی روی کے مطابق شہر میں پارکنگ جگہ کی قلت کی وجہ لوگ ان کی گاڑیاں سڑکوں پر پارک کررہے ہیں ۔ جس کی وجہ ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔ بہتر پارکنگ جگہ فراہم کرنے کے لیے جی ایچ ایم سی نے اس پراجکٹ کو شروع کیا ہے ۔ اگر یہ کامیاب ہو تو ہم اسے شہر کے دوسرے مقامات پر بھی وسعت دیں گے ۔ 2000 مربع فیٹ رقبہ پر فراہم کی جانے والی اس پارکنگ جگہ پر 200 ٹو وہیلرس اور معذورین کی چار ٹرالی سیکلس کو پارکنگ کیا جاسکتا ہے ۔ موٹر سٹس چوبیس گھنٹے اس پارکنگ جگہ سے استفادہ کرسکتے ہیں اور اس میں ایک گھنٹے کے لیے پارکنگ فیس 10 روپئے فی گاڑی ہوگی ۔ ایک اور عہدیدار نے کہا کہ ’ اس پراجکٹ کے لیے 43 لاکھ روپئے کی رقم خرچ کی گئی ہے ۔ اس کے زیادہ تر کام مکمل ہوگئے ہیں اور آئندہ پندرہ دن میں یہ اسمارٹ پارکنگ جگہ موٹر سٹس کے لیے کھول دی جائے گی ‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فلائی اوور کے نیچے کی جگہ اب تک غیر سماجی عناصر کا اڈہ بنی ہوئی تھی یا اس پر ملبہ ، کچہرا ڈالا جارہا تھا ۔۔