وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 5۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کی حکمت عملی اور ایکشن پلان تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ پونم پربھاکر نے ٹرانسپورٹ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور لاپرواہی کے ساتھ ڈرائیونگ کے واقعات کو روکنے کی ہدایت دی۔ وزیر نے کہا کہ حادثات روک تھام کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے شعور بیداری مہم چلائی جائے جس کے تحت ریالیوں کا اہتمام کیا جائے۔ حالیہ عرصہ میں ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوا اور بڑی تعداد میں اموات واقع ہوئی ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ شعور بیداری کے ساتھ ساتھ سیفٹی اقدامات پر ٹریننگ کلاسس کا اہتمام کیا جائے ۔ آئندہ ماہ ڈسمبر کو روڈ سیفٹی ماہ کے طورپر منانے کا فیصلہ کیا گیا اور ایک ماہ کے دوران شعور بیداری کے سلسلہ میں مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے ۔ چیوڑلہ میں پیش آئے بس حادثہ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ٹپر ڈرائیور کی لاپرواہی کے نتیجہ میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ انہوں نے شہر اور اضلاع میں شعور بیداری مہم کے تحت اسکول اور کالجس کے طلبہ کو شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت ایک لاکھ 50 ہزار روپئے تک مفت علاج کیا جائے گا۔ یونیسیف کے نمائندے ڈاکٹر سریدھر نے سڑک حادثات کے سلسلہ میں سروے رپورٹ پیش کی اور حکومت کی جانب سے شعور بیداری مہم کا خیرمقدم کیا۔1