ابو ظہبی کے طرز پر عمل آوری کا منصوبہ، راچہ کنڈہ پولیس کے اقدامات
حیدرآباد۔/27 جون، ( سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس اب ابوظہبی پولیس کی طرز پر شہریوں کو اعزاز دے گی۔ ٹریفک قوانین پر سنجیدگی سے عمل کرنے والے ذمہ دار شہری پولیس کے اس اعزاز کے مستحق ہوں گے۔ اپنے طور پر اس منفرد اقدام کا آج کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلیدھر بھاگوت نے آغاز کیا۔ راچہ کنڈہ پولیس نے 31 ڈسمبر 2019 تک 4 ہزار شہریوں کو صداقت نامہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔’’ پیٹرول فار ہیپی ڈرائیونگ ‘‘ کے نام سے رائج کردہ اس پروگرام کے تحت موٹر گاڑیوں کو ایک اسٹیکر چسپاں کیا جائے گا جو ذمہ دار شہری کی شناخت ہوگا اور پولیس کی جانب سے صداقت ہوگی۔ کمشنر کا کہنا ہے کہ اس اسٹیکر کے ذریعہ شہریوں کو سماج میں اعزاز حاصل ہوگا کہ ان کی ذمہ داری کی پولیس صداقت کرتی ہے۔ عام طور پر پولیس کی جانب سے ایسے اقدامات نہیں ہوتے ۔ اسٹیکر ایسے شہریوں کو دیا جائے گا جو ہیلمٹ کا استعمال کرتے ہیں، سیٹ بیلٹ پابندی سے لگاتے ہیں۔ ٹریفک جنکشنوں بالخصوص ٹریفک سگنلس پر ٹریفک قوانین کی عزت کرتے ہیں اور ٹریفک قوانین کو عین فرض کی طرح پوری ذمہ داری سے نبھاتے ہیں اور محفوظ انداز میں ڈرائیونگ کرتے ہیں۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ایسے شہریوں کا ریکارڈ دیکھا جائے گا اور 6 ماہ کے عرصہ میں صداقت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار شہریوں کو سماج میں ان کی ذمہ داری اور قوانین پر عمل آوری میں سنجیدگی کی شناخت ہونی چاہیئے تاکہ اس طرح کے اقدام سے دوسروں کو بھی سبق حاصل ہو۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ سماج میں ذمہ دار شہریوں کی اکثریت ہے اور راچہ کنڈہ پولیس چاہتی ہے کہ انہیں شناخت حاصل ہو جو کہ ایک اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے ذمہ دار شہریوں کو شناخت کے علاوہ انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں یہ عمل جاری رہے گا۔اس موقع پر انہوں نے ’’پٹرول فار ہیپی ڈرائیونگ ‘‘ کے اسٹیکرس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈی سی پی ٹریفک دیویہ چرن راؤ ، ایڈیشنل ڈی سی پی تاج الدین اور دیگر موجود تھے۔
